
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے آذربائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف:
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور آزربائیجان کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان نے مزید کہا کہ آذربائیجان کی قومی ایئر لائن اسلام آباد کیلئے براہ راست پروازیں شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، روس یوکرین تنازعہ کی وجہ سے عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ہمیں موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف:
آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان باہمی تجارت کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔
صدر الہام علی یوف کا مزید کہنا تھا کہ میں دوسری کاراباخ جنگ میں ہمارے ساتھ کھڑے رہنے پر وزیر اعظم پاکستان کا تہے دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کیے اور آذربائیجان کا سچا دوست ہونے کا ثبوت دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ ہمارے ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرئے گا۔
ظہرانہ:
بعد ازاں، آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کی جانب سے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے اعزاز میں سرکاری ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔