turky-urdu-logo

شاہراہِ جناح

تحریر: اسلم بھٹی

شاہراہِ جناح جسے ترک زبان میں جناح جداسی ( Cinnah Caddesi ) کہتے ہیں، دراصل ہمارے برادر ملک جمہوریہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں واقع ایک اہم روڈ اور مرکزی سڑک کا نام ہے۔ یہ شاہراہ انقرہ شہر میں آمد رفت کی سب سے اہم شاہراہوں میں سے ایک ہے۔
حکومت جمہوریہ ترکیہ نے اس مرکزی شاہراہ کو بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے موسوم کیا ہے۔ انقرہ جو کہ ترکیہ کا دارالحکومت اور ایک تاریخی شہر ہے اس میں شاہراہ جناح ایک نہایت مرکزی شاہراہ ہے۔ یہ دراصل بانی پاکستان کو ترکوں کی طرف سے ایک خراجِ عقیدت ہے اور یہ ان کے محبت و احترام کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سڑک پر ایک یادگار بھی تعمیر کی گئی ہے اور اس خوبصورت یادگار کے درمیان میں قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر موجود ہے۔

شاہراہ جناح انقرہ شہر کی اہم ترین شاہراہ ہے جس پر بہت سی اہم عمارتیں ، بینک, تجارتی مراکز , حکومتی دفاتر, سفارت خانے اور دیگر اہم عمارتیں موجود ہیں۔ یہ وہی شاہراہ ہے جس پر انڈیا کا سفارتخانہ بھی موجود ہے ۔یہیں افغانستان ، بنگلہ دیش ، لیییا ، کینیڈا اور سویٹزرلینڈ کے سفارتخانے بھی ہیں۔ اس سے آپ اس شاہراہ کی اہمیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں ۔

اس شاہرہ کی طوالت یا لمبائی 1.8 کلومیٹر ہے اور یہ 15 میٹر چوڑی ہے۔

اس شاہراہ کا پہلا نام گورنر ڈاکٹر رشید شاہراہ تھا جسے 1970 میں تبدیل کر کے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شاہراہ جناح رکھ دیا گیا۔

یہ انقرہ کا انتہائی پوش اور متمول علاقہ ہے جہاں خوبصورت ترین اپارٹمنٹس اور گھر تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس کے ارد گرد جناح محلہ اور جناح اپارٹمنٹس نامی عمارتیں بھی موجود ہیں ۔ بلکہ اسی شاہراہ پر جناح ہوٹل اور جناح سٹریٹ بھی ہے۔
۔ اس شاہراہ جناح پر بوٹانک گارڈن بھی ھے ۔یہ شاہراہ قولو پارک سے شروع ہوتی ہے اور اتا کلہ/ اتا ٹاور تک جاتی ہے۔

1970 میں انقرہ کے میئر ویدات ڈلوقے نے اس شاہراہ کا نام” شاہراہ جناح ” رکھا۔

اس کے دونوں اطراف میں بلند و بالا اور دیو ہیکل عمارتیں موجود ہیں۔ یہ انقرہ کا اہم ترین علاقہ ہے۔ اس کے ارد گرد پارک اور دیگر رہائشی عمارتیں موجود ہیں۔

یہ ایک یک طرفہ سڑک ہے۔ ٹریفک کی روانی کے لئے بہت سے انڈر پاسز بنائے گئے ہیں ۔ یہ انقرہ کے چنکایہ ٹاؤن میں واقع ہے ۔

شاہراہ جناح کو انقرہ کا قلب کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ یہ شاہراہ نہ صرف شہر کے وسط میں موجود مرکزی شاہراہ ہے بلکہ اس کے ارد گرد اہم سرکاری اور غیر سرکاری عمارتیں اس کی اہمیت کو اور بھی واضح کر تی ہیں۔

اسی شاہراہ کے پر موجود اتا کلا یا اتا ٹاور نہ صرف انقرہ شہر بلکہ ترکیہ کا بلند ترین ٹاور ہےجو شہر میں ہر جگہ سے نظر آتا ہے ۔ یہ ٹاور 125 میٹر بلند ہے ۔اس کی چوٹی پر ریسٹورنٹ اور کیفے موجود ہیں۔ یہاں سے پورے شہر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ٹاور 1989 میں تعمیر ہوا.

جب بھی پاکستان کا کوئی اہم قومی دن ہوتا ہےجیسے 14 اگست یا 23 مارچ یا کوئی اور اہم قومی تہوار تو اس موقعے پر اس ٹاور کو سبز روشنیوں سے اور پاکستان کے پرچم سے جگمگایا اور روشن کیا جاتا ہے جو پاکستان اور ترکی کی دوستی کی وسعت اور گہرائی کی روشن دلیل اور ایک عظیم الشان مثال ہے۔

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ” شاہراہ جناح ” کی موجودگی نہ صرف بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو ایک عمدہ ترین خراجِ عقیدت و تحسین ہے بلکہ یہ شاہراہ ترکیہ کی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستان کو دی گئی اہمیت بھی واضح کر تی ہے۔

قائد اعظم زندہ باد
پاک ترک دوستی پائندہ باد

Read Previous

Review of 1russianbride

Read Next

Why is it so Difficult to find a Date?

Leave a Reply