turky-urdu-logo

استنبول یونیورسٹی میں پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تقریب — پاکستان اور ترکیہ کے تعلیمی روابط مزید مضبوط






استنبول:
استنبول یونیورسٹی اور مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی (METU) کے اشتراک سے پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینا تھا۔


تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل استنبول خواجہ خرم نعیم، وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت پاکستان کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری و ڈائریکٹر جنرل سید جنید اخلاق، اسلام آباد ماڈل بوائز کالج کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اعظم اور اسلام آباد ماڈل گرلز کالج کی عائشہ عثمان عباسی نے شرکت کی۔


ترکیہ کی جانب سے وزارتِ قومی تعلیم کے محکمہ سربراہ جابر دورک، ایشیائی ممالک کی کوآرڈینیٹر نوران کاراکوچ اور محکمہ تعلقات عامہ کے نمائندہ نصرت اردوان نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز استنبول یونیورسٹی کے نائب چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل قایا کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ اس کے بعد ڈاکٹر اسماعیل چاتانلار، کوآرڈینیٹر برائے کارپوریٹ کمیونیکیشن نے استنبول یونیورسٹی کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔


ڈاکٹر عبداللہ قزلچک نے اپنے خطاب میں استنبول یونیورسٹی میں اردو زبان و ادب کے شعبہ کے قیام اور پاکستان–ترکیہ تعلیمی تعلقات کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ "زبان، دو برادر ممالک کے درمیان دوستی کے پل کو مزید مضبوط بناتی ہے۔”


تقریب کے آخر میں پاکستانی طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ترک ماہرین اور منتظمین سے تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں یادگاری تحائف پیش کیے گئے اور طلبہ نے یونیورسٹی کیمپس کا دورہ بھی کیا۔


یہ تقریب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ تعلیمی تعلقات کی ایک خوبصورت مثال تھی، جو باہمی احترام، تاریخی رشتوں اور ترقی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہے۔

Read Previous

ترکیہ کے یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان تعاون کا معاہدہ

Read Next

ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو کی شرکت — “آئی پریفر ترکِش پروجیکٹ” کے تحت طلبہ میں اسکول بیگز اور اسٹیشنری تقسیم

Leave a Reply