اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مقبوضہ مغربی کنارے کا ایک 45 سالہ شخص عاطف یوسف شہید ہو گیا۔ فلسطینی اتھارٹی کے مطابق نماز جمعہ کے بعد فلسطینی مسلمان احتجاج کر رہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر عاطف یوسف شہید ہو گئے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس کے ایک گاؤں بیت دجان میں لوگ نماز جمعہ کے بعد اسرائیل کی یہودی بستیوں کے قیام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔
اس دوران اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس سے ایک گولی عاطف یوسف کے سر میں لگی۔ انہیں فوری طور پر استپال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بیت دجان کا کل رقبہ 6650 ایکڑ ہے جس کے بڑے حصے پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کر لیا ہے۔ یہاں اسرائیلی فوج نے فوجی اڈہ قائم کر لیا ہے اور ساتھ ہی غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کے اس قبضے کو عالمی برادری بھی تسلیم نہیں کرتی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے مطابق مقامی لوگ ہر جمعہ کی نماز کے بعد یہاں اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاج کرتے ہیں اور اسرائیلی فوج کا ان مظاہرین پر تشدد بھی معمول کی بات ہے۔
