turky-urdu-logo

اسرائیل زرا سی بھی غلطی کرے گا اس کے مرکز پر حملہ کریں گے، ایرانی صدر کا انتباہ

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ایک فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ذرا سی بھی حرکت کی تو ایران کی مسلح افواج اسرائیل کے مرکز کو نشانہ بنائیں گی۔

ایرانی صدر کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے جوہری معاہدے کا پابند نہیں ہوگا اور ممکنہ طور پر ایران کے جوہری مقامات کے خلاف یکطرفہ کارروائی کر سکتا ہے۔

فوج کے قومی دن پر ایک فوجی پریڈ میں ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں ابراہیم رئیسی نے کہا ’صیہونی حکومت (اسرائیل)! آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر آپ نے ہماری قوم کے خلاف ذرا سی بھی حرکت کی تو ہماری مسلح افواج صیہونی حکومت کے مرکز کو نشانہ بنائیں گی‘۔

فوجیوں نے پوڈیم کے سامنے مارچ کیا جہاں ابراہیم رئیسی فوجی افسران کے ساتھ کھڑے تھے، ہیلی کاپٹروں نے اوپر سے پرواز کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کے مقبرے کے قریب پیرا شوٹرز پریڈ ایریا میں اتر گئے۔

جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے امریکا اور ایران ایک سال سے زائد عرصے سے بالواسطہ مذاکرات میں مصروف ہیں۔

لیکن یہ مذاکرات گزشتہ ماہ اس حل طلب مسئلے کے سبب تعطل کا شکار ہوگئے تھے کہ ایران کے مطالبے کے مطابق کیا امریکا اسلامی انقلابی گارڈ کور کو امریکی غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال سکتا ہے یا نہیں؟

Read Previous

ترکی آپ لوگوں کا گھر ہے، ترک خاتون اول کی مہاجر بچوں کے ساتھ افطاری

Read Next

واٹس ایپ بزنس میں "کورفوٹو” کا فیچر متعارف کروا دیا گیا

Leave a Reply