اسرائیل کے جنگلات میں لگی آگ بےقابو ہوگئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
آگ لگنے کے بعد کئی اسرائیلیوں کی زرعی زمینیں جل کر راکھ ہو گئیں۔ اسرائیل میں فوجی کارگو طیاروں کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ آگ اسرائیل کی تاریخ میں لگنے والی اب تک کی سب سے بڑی آگ ہوسکتی ہے۔ فائر بریگیڈ کے 120 سے زائد اہلکار اور متعدد طیارے اور ہیلی کاپٹر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ امدادی کارروائیوں میں معاونت کے لیے فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
اسرائیل کے یوم آزادی کی تمام تقریبات بھی منسوخ کردی گئی ہیں اور عالمی امداد سے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔
