
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین براہم طحہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں اور پاکستان کو او آئی سی کی صدارت سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے حالیہ اجلاسوں پر کووڈ 19 کے اثرات نمایاں رہے، موجودہ اجلاس شراکت داری برائے اتحاد و ترقی کے عنوان سے منعقد ہو رہا ہے اور یہ عنوان بذات خود اہم ہے۔
اس موقع پر انہوں نے اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحانہ پالیسیاں نوآبادیاتی نظام پر مبنی ہیں اور اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ اور ان پر مظالم کر رہا ہے لہٰذا ہمیں اس حوالے سے فلسطینیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک طویل عرصہ سے حل سے محروم ہے، مقبوضہ کشمیر کے بھارت کے زیر قبضہ علاقے متنازع ہیں اور کشمیر کا حل کشمیری عوام کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایک استصواب رائے میں ہے۔