صدر ایردوان نے جمعہ کو کہا ہے کہ اسرائیل اب بین الاقوامی تنہائی کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس رجحان میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
استنبول میں نماز کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ جمعرات کو اپنے امریکی ہم منصب بائیڈن کے ساتھ ایک فون کال کے دوران انہوں نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بات چیت کی۔
صدر ایردوان نے بائیڈن کوکہا ہے کہ اب امریکہ کے قدم بڑھانے کا وقت ہے۔
اسرائیل نے 7 اکتوبر کو حماس کے سرحد پار حملے کے بعد غزہ کی پٹی پر فضائی اور زمینی بمباری کی ہے، محاصرہ کیا ہے اور زمینی حملہ کیا ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی حملے میں اب تک کم از کم 18 ہزار 7 سو 87 فلسطینی ہلاک اور تقریباً 51 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔
حماس کے حملے میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 12سو ہے، جب کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، غزہ میں فلسطینی گروپ کے ہاتھوں 135 یرغمالی ابھی تک قید ہیں۔
ترکیہ کو امریکی F-16 طیاروں کی فروخت پر صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ بائیڈن نے انہیں بتایا ہے کہ وہ اس معاملے پر مثبت نقطہ نظر رکھتے ہیں اور وہ کانگریس میں اپنی تجویز پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔
