ترکش کارپوریشن اینڈ کو آرڈینیشن ایجنسی کے زیر اہتمام ترک یوم جمہوریت اور قومی وحدت کے حوالے سے اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر قانو ن فروغ نسیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی دو ملک ایک قوم ہیں، دونوں بین الاقوامی فورمز پر ایک ساتھ کھڑے رہے ۔


انہوں نے کہا کہ ترک بھائیوں نے دہشت گرد تنظیم کا بہادری سے مقابلہ کیا، جمہوریت کی جنگ میں ہزاروں کی تعداد میں زخمی و شہید ہونے والے ترک بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ترکی اور پاکستان امن کے قیام میں دنیا بھر میں پارٹنر ہیں،ترک وزیراعظم طیب ایردوان متعدد بار پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں،امن کے فروغ کےلئے ترکی اور پاکستان ایک ساتھ ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر احسان مصطفی نے کہا کہ پانچ سال پہلے ترک قوم نے جمہوری اقدار کا دفاع کیا،ترک قوم نے مثال قائم کی کہ جمہوریت عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے چلنی چاہیے۔

