
پاکستان میں ترکیہ کے سفارتخانے کے تحت "یومِ ظفر” (وکٹری ڈے) کی شاندار تقریب کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا، جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (عسکری) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں وفاقی وزیر حنیف عباسی ، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سمیت متعدد ممالک کے سفارتکاروں، ممتاز عسکری و سول حکام، میڈیا نمائندگان، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر یومِ ظفر کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔چیئرمین جے سی ایس سی نے یومِ ظفر کے موقع پر ترکیہ کے عوام، اس کی سیاسی قیادت اور ترک مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ اور وقت کی کسوٹی پر پورے اترنے والے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور ہر شعبے میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔تقریب میں آمد پر چیئرمین جے سی ایس سی کا استقبال ترکیہ کے سفارت خانے کے ناظم الامور جناب برک ایچے (Berk ECE) نے کیا۔

