اسلام آباد – ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اولو نے اسلام آباد میں COMSATS یونیورسٹی کے باغ میں ایک اور پودا لگایا۔ اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ، طلبہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمان بھی موجود تھے۔
پودا لگانے کے بعد سفیر عرفان نذیر اولو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ ننھا پودا دراصل ایک عزم کی علامت ہے۔ آج لگائے گئے یہ پودے کل تناور درخت بنیں گے اور ان شاء اللہ آنے والے دنوں میں یہ درخت گھنے جنگل میں تبدیل ہوں گے۔ یہ عمل نہ صرف ماحول کے تحفظ بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے استحکام کی علامت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے شجرکاری جیسے اقدامات ناگزیر ہیں، اور اس سلسلے میں نوجوانوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔
یاد رہے کہ ترک سفارت خانہ پاکستان میں گرین انیشی ایٹوز اور مختلف ماحولیاتی مہمات میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، اور یہ اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
