
تہران —ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان نے واضح کر دیا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پوری قوت سے جاری ہے اور اس کے ختم ہونے کی خبریں محض قیاس آرائی اور وہم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفاد، سائنسی ترقی اور توانائی کے تحفظ کے لیے جوہری سرگرمیاں جاری رکھے گا۔صدر پزشکیان نے ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:”ہمارا جوہری پروگرام ختم ہونے کی باتیں حقیقت سے کوسوں دور ہیں۔ یہ محض بیرونی پروپیگنڈا ہے۔ ہم کسی دباؤ یا دھمکی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔”انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین اور IAEA (عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی) کے معیارات کے تحت جاری ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، مسعود پزشکیان کے اس بیان سے عالمی برادری، بالخصوص مغربی طاقتوں کو ایک واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ایران اپنی جوہری پالیسی میں کسی بھی قسم کی نرمی کے لیے تیار نہیں۔یاد رہے کہ ایران کا جوہری پروگرام ماضی میں بھی کئی بار بین الاقوامی مذاکرات اور پابندیوں کا محور رہا ہے، تاہم ایران کی قیادت مسلسل یہ موقف اختیار کرتی آئی ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔