دوحہ:
قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران اور امریکہ کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوحہ، واشنگٹن اور تہران کے درمیان سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاکہ خطے میں تناؤ کم ہو اور دیرپا استحکام قائم کیا جا سکے۔
قطری وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جاری کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی بہتر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اختلافات کے حل اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارت کاری اور بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔
قطر ماضی میں بھی ایران اور امریکہ کے درمیان بیک چینل روابط اور قیدیوں کے تبادلے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، اور خطے میں ثالثی کی کوششوں کے باعث اسے عالمی سطح پر نمایاں سفارتی حیثیت حاصل ہے۔
