turky-urdu-logo

عالمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم”زندگی تماشا” مارچ 2022میں ریلیز کرنے کا اعلان

عالمی ایوارڈ یافتہ اور سال 2020 میں پاکستان کی جانب سے ’آسکر‘ کے لیے نامزد کی گئی ساز سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر دوبارہ ریلیز کرتے ہوئے اسے آئندہ برس ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’زندگی تماشا‘ کا پہلا ٹریلر ابتدائی طور پر ستمبر 2019 میں جاری کرتے ہوئے اسے جنوری 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر بعض مذہبی حلقوں کی جانب سے اعتراض کے بعد اس کی نمائش موخر کردی گئی تھی۔

’زندگی تماشا‘ پر مذہبی افراد کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جب کہ فلم ساز ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں کہ فلم کی کہانی ’ایک اچھے مولوی کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں کسی بھی انفرادی شخص، کسی فرقے یا مذہب کی غلط ترجمانی نہیں کی گئی‘۔

’زندگی تماشا‘ کو پاکستان میں ریلیز کرنے سے قبل اسے چند عالمی فلم فیسٹیولز میں دکھایا جا چکا ہے اور فلم نے ’ایشین فلم فیسٹیول‘ سمیت ’بوسان فلم فیسٹیول‘ میں ایوارڈز بھی حاصل کیے تھے۔

’زندگی تماشا‘ کے جاری کیے گئے ٹریلر سے اگرچہ فلم کی کہانی کا اندازہ لگانا مشکل تھا تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی انتہائی حساس اور اہم موضوع کے گرد گھومتی ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ہوتا ہے کہ فلم میں مذہب اور سیاست کا لبادہ اوڑھے لوگ کس طرح اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں جب کہ اس میں کچھ کرداروں کو بظاہر اچھے مگر چھپے ہوئے خراب کرداروں میں بھی دکھایا گیا ہے۔

’زندگی تماشا‘ کے ٹریلر کو دوبارہ ریلیز کرنے اور اس کی نمائش کے اعلان سے شائقین اور شوبز شخصیات نے خوشی کا اظہار کیا۔

‘زندگی تماشا’ کی ہدایات سرمد کھوسٹ نے دی ہے جبکہ انہوں نے اپنی بہن کنول کھوسٹ کے ساتھ مل کر اس فلم کو پروڈیوس بھی کیا ہے، اس کی کاسٹ میں عارف حسن، سامعیہ ممتاز، ایمان سلیمان اور عارف قریشی سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

Read Previous

ترکی۔ ازبکستان۔ پاکستان کی مشترکہ اسپیشل فورسز کی مشقیں اختتام پذیر ہو گئیں

Read Next

واٹس ایپ نے وائس میسج سینڈ کرنے سے پہلے اسے سننے کا فیچر متعارف کروادیا

Leave a Reply