turky-urdu-logo

مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کا غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر نہیں رہے گا، صدر پاکستان

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کا غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر نہیں رہے گا، وہاں سید علی گیلانی جیسے لوگ پیدا ہوتے رہیں گے اور کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ صدر حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں ادا کی گئی جس میں ارکان پارلیمنٹ، وزراء، آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور وزیراعظم کے علاوہ دیگر سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی تک ان جیسے حریت پسند پیدا ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کے ساتھ ساتھ بھارت کے اندر تمام اقلیتوں کے ساتھ برتاؤ افسوسناک ہے، یہ صورتحال بھارت کی بربادی کا سبب بنے گی جو خود اپنے اندر تعصب اور اقلیتوں کے خلاف منافرت کی آگ کو بھڑکا رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا جس سے اس کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ان کی آزادی کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو گا۔ اس موقع پر غائبانہ نماز جنازہ میں شریک دیگر قائدین نے بھی سید علی گیلانی کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

Read Previous

اسٹریلیا کے خلاف افغان کرکٹ ٹیم کو پہلے ٹیسٹ کی اجازت مل گئی

Read Next

کشمیر سمیت ہر جگہ مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنےکا حق ہے، طالبان

Leave a Reply