turky-urdu-logo

بھارت :جو پاکستان کی جیت کا جشن منائے گا جیل جائے گا، وزیر اعلی اتر پردیش

بھارتی ریاست اتر پردیش (یوپی) کے وزیرِاعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے والوں پر بغاوت کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ 24 اکتوبر کو جس کسی نے بھی پاکستان کی جیت کا جشن منایا اس کیخلاف بغاوت کے قانون کے تحت مقدمہ قائم کیا جائے گا۔

اس انٹرویو کا لنک بھی ٹوئٹر پر یوگی ادتیہ ناتھ کے آفیشل ہینڈل پر پِن کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کی فتح کا جشن منانے کے الزام میں بھارتی ریاست اتر پردیش (یو پی) میں 7 افراد پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یوپی پولیس نے 7 میں سے 4 افراد کوگرفتار کرلیا ہے، ان تمام افراد پر پٹاخے پھوڑنے، پاکستان کی حمایت میں نعرے اور اسٹیٹس لگانے کے الزامات ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل راجستھان میں اسکول ٹیچر اور آگرہ میں زیرِ تعلیم تین کشمیری طالب علموں سمیت 6 افراد کوپاکستان کی جیت کے بعد جشن منانے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ اتوار 24 اکتوبر کو پاکستان نے بھارت کو ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار شکست دی جس کے بعد سے بھارت میں کہرام مچا ہوا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں تو پاکستان کے حق میں نعرے لگے ہی اس کے ساتھ ساتھ دارالحکومت نئی دہلی میں بھی پاکستان کی جیت کی خوشی میں پٹاخے چھوڑے گئے۔

نئی دہلی میں پٹاخے پھوڑنے کے معاملے پر تو سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ سیخ پا بھی ہوگئے اور سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا تھا۔

پاکستان سے شکست کے بعد انتہا پسند ہندوؤں نے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی پر بھی تنقید کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔

Read Previous

ترکی نے جنوری سے ستمبر کے دوران 1 کروڑ 76 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کی

Read Next

پاکستان : ترکی کے یوم جمہوریہ کے موقع پر تصویری نمائش کا انعقاد

Leave a Reply