
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ تقریب میں وزیرِ اطلاعات پاکستان عطاء اللہ تارڑ، وزیر برائے بحری امور پاکستان قیصر احمد شیخ ، ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار سمیت ترکیہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے بحری امور پاکستان قیصر احمد شیخ نے کہا کہ "یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کو ترک زبان، ثقافت، اور مشترکہ ترک-اسلامی ورثے کو فروغ دینے میں عالمی شہرت حاصل ہے۔ اے آئی او یو کے ساتھ یہ تعاون ہماری دونوں قوموں کے تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرے گا اور ثقافتی و تعلیمی تبادلے کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔”

ترکیہ کے سفیر نے انسٹی ٹیوٹ کے قیام پر اے آئی او یو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستانی طلبہ اور اسکالرز کو ترک ثقافت اور زبان سے روشناس کرانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا، "یہ شراکت ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور مشترکہ اقدار کی ایک اور مثال ہے۔”
وزیرِ اطلاعات پاکستان عطاء اللہ تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کسی سرحد یا اچھے برے حالات کی محتاج نہیں ہے۔ دونوں ممالک مذہب اور ثقافت کے ذریعے بھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔”

وائس چانسلر اے آئی او یو نے جامع تعلیم اور عالمی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ یونیورسٹی کے تعلیمی اور ثقافتی ماحول کو مزید بہتر بنائے گا اور طلبہ کو ترک ورثے اور اسلامی تہذیب پر اس کے گہرے اثرات کو سمجھنے میں مدد دے گا۔