
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں حضرت سلطان باہو کے مزار پر حب الوطنی کے جذبے کا شاندار اور منفرد مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جہاں ہزاروں افراد نے پاک فضائیہ کے جے-10 سی طیارے کا انسانی ماڈل بنا کر قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس غیر معمولی تقریب کا اہتمام مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام کیا گیا، جس میں عوام نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاک افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران فضا ‘پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللہ’ کے نعروں سے گونجتی رہی، جبکہ چین، ترکیہ، آذربائیجان اور سعودی عرب جیسے برادر اسلامی ممالک کو پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے ان ممالک کے پرچم بھی تھامے رکھے، اور ان کی دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔
مسلم انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، یہ اجتماع نہ صرف شہداء اور قومی ہیروز کو خراج عقیدت ہے ،بلکہ یہ دشمنان وطن کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ، پاکستانی قوم اپنی سرزمین کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ، قومی وحدت، جذبہ قربانی اور افواج پاکستان سے لازوال محبت ہی ملک کی اصل طاقت ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت متزلزل نہیں کر سکتی۔