turky-urdu-logo

حج 2021: شیخ بندر بن عبد العزيز بليله نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا

شیخ بندر بن عبد العزيز بليله نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ عاقبت مومنین کے لیے ہے، اللہ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔

نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ احسان یہ ہے کہ گویا تم اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اسے دیکھ رہے ہو اور ایسا ممکن نہ ہو تو سمجھ لو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’احسان کے متعلق قرآن مجید میں ہے کہ احسان یہ ہے کہ تم اللہ کی اطاعت اختیار کرو اور اسی کی اطاعت میں اپنی گردن رکھو، اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرنی چاہیے، اللہ ہی کی عبادت کرے، اسی سے مدد طلب کرے اسی سے دعا مانگے‘۔

واضح رہے کہ رواں سال خادم حرمین شریفین نے شیخ بندر بن عبد العزيز بليله کو عرفات کا خطبہ دینے کے لیے مقرر کیا ہے۔

خیال رہے کہ ہرسال تقریباً 25 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں تاہم دو برس سے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینی والی کورونا وائرس کی وبا کے باعث بہت محدود تعداد میں سعودی عرب میں ہی مقیم مختلف ممالک کے افراد فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔

سعودی حکومت کی جانب سے عازمین کی تعداد کے بارے میں بتایا گیا کہ رواں سال ویکسین لگوانے والے تقریباً 60 ہزار تک عازمین حج ادا کرسکیں گے۔

مناسک حج

مناسکِ حج کی ادائیگی کا سلسلہ 8 ذی الحج سے شروع ہوتا ہے جو 12 ذی الحج تک جاری رہتا ہے۔

8 ذی الحج کو عازمین مکہ مکرمہ سے منیٰ کی جانب سفر کرتے ہیں اور رات بھر عبادت کرتے ہیں۔

9 ذی الحج کو فجر کی نماز کے بعد عازمینِ حج منیٰ سے میدانِ عرفات کے لیے روانہ ہوتے ہیں، جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کی جاتی ہے۔

عرفات میں غروبِ آفتاب تک قیام لازمی ہے اور اس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ کے لیے روانہ ہوتے ہیں، جہاں پر مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کی جاتی ہیں اور رات بھر یہاں قیام لازم ہوتا ہے۔

10 ذی الحج قربانی کا دن ہوتا ہے اور عازمین ایک مرتبہ پھر مزدلفہ سے منیٰ آتے ہیں، جہاں قربانی سے قبل شیطان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں۔

مزدلفہ سے منیٰ کا فاصلہ تقریباً 9 کلو میٹر ہے اور یہاں پر عازمین مخصوص مناسک کی ادائیگی کرتے ہیں اور اس کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ جاکر ایک طوافِ زیارت کرتے ہیں اور منیٰ واپس آجاتے ہیں۔

11 اور 12 ذی الحج کو تمام مناسک سے فارغ ہونے کے بعد عازمین ایک مرتبہ پھر مکہ مکرمہ جا کر مسجد الحرم میں الوداعی طواف کرتے ہیں۔

Read Previous

ترک صدر ایردوان کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پرخصوصی پیغام

Read Next

پاکستان: مسافر بس اور ٹرک میں تصادم،ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی

Leave a Reply