ترکی نے مقامی طور پر تیار کردہ بنا پائلٹ چلنے والے جنگی بحری جہاز کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ ترک دفاعی کمپنی میٹیکسان کے تعاون سے تعمیر کردہ بحری جہاز سیڈا سے گائیڈڈ میزائل فائر کیا گیا جو کہ سیدھا نشانے پر لگا۔
میٹیکسان اور اریس بحری بیڑے کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق بحری مشقوں کے دوران سیڈا سے میزائل فائر کیا گیا۔ ترکی کے شہر انطالیہ میں ترک دفاعی کمپنی راکٹسان کے وار ہیڈ سے لیزر گائیڈڈ میزائل فائر کیا گیا جو سیدھا نشانے پر لگا۔
بحری جہاز کی تیاری کا کام تین سال قبل ترکی کے شہر انطالیہ میں شروع کیا گیا تھا۔ سیڈا نامی بحری جہاز 65 کلو میٹر فی گھنٹہ کی گرفتار سے 400 کلو میٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتاہے۔ جہاز میں مقامی طور پر تیار کردہ خفیہ مواصلاتی نظام بھی نصب کیا گیا ہے اس کے علاوہ یہ جہاز رات کے اندھیرے میں بھی دشمن کے ٹھکانوں کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
سیڈا کو خاص طور انٹیلی جنس مشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے تاہم اس میں کمانڈ اور کنٹرول سسٹم بھی موجود ہے جس سے جہاز کی نقل و حرکت کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
بحری جہاز لانگ رینج اینٹی ٹینک میزائل کا حامل ہے جو کہ ترک دفاعی کمپنی راکٹسان کا تیار کردہ ہے ۔
