turky-urdu-logo

ترک نژاد سائنسدانوں کو جرمنی کے اعلیٰ سول ایوارڈز سے نوازا گیا

جرمنی کے صدر نے ترک نژاد سائنسدان میاں بیوی اوگر شاہین اور اوزلم تورچی کو ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز دیئے۔ یہ ایوارڈز انہیں دنیا میں سب سے پہلے کورونا ویکسین تیار کرنے پر دیا گیا۔

جرمن صدر فرینک والٹر نے جرمنی کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "آرڈر آف میرٹ” اوگر شاہین اور اوزلم تورچی کو دیا۔ ایوارڈ دینے کی تقریب جرمن صدر کے صدارتی محل میں ہوئی جس میں جرمن چانسلر اینجلا مرکل بھی شریک ہوئیں۔

جرمن صدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کی طرف سے میں سائنسی تحقیق کے شعبے میں دونوں سائنسدان میاں بیوی کو یہ ایوارڈ دے رہا ہوں اور دعاگو ہوں کہ مستقبل میں بھی دونوں سائنسدان اسی طرح انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنا کر رکھیں گے۔

اوگر شاہین اور ان کی اہلیہ اوزلم تورچی نے "ایم آر این اے ٹیکنالوجیز” کے شعبے میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور ایک سال سے بھی کم عرصے میں کورونا ویکسین تیار کی جس نے عالمی وبا کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

جرمن صدر نے کہا کہ "آپ دونوں کی کاوشوں سے جو ویکسین تیار ہوئی اس سے انسانی زندگیوں کو بچانے میں مدد ملی۔ یہ زندگی کی ایک ضرورت بن گئی ہے۔ اس ویکسین سے ہمیں اپنی سماجی، معاشی اور ثقافتی بقا کو قائم رکھنے میں مدد ملی ہے۔ ہر فرد کو جو ویکسین لگائی جا رہی ہے اس سے وہ معمولات زندگی میں واپس آ رہا ہے۔ اس ویکسین کے ذریعے ہم نے اپنے پیاروں کی زندگی کو دوبارہ حاصل کیا ہے گو کہ بہت سے ہم سے بچھڑ بھی گئے۔”

جرمنی کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "دی گریٹ کراس ود سٹار آف دی آرڈر آف میرٹ” ایسی شخصیات کو دیا جاتا ہے جو قوم کی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔

دونوں ترک نژاد جرمن سائنسدان اوگر شاہین اور اوزلم تورچی ترکی میں پیدا ہوئے لیکن اپنے والدین کے ساتھ انہوں نے 1960 میں جرمنی ہجرت کی۔

اوگر شاہین نے جرمنی میں میڈیسن کی تعلیم حاصل کی جبکہ اوزلم تورچی نے میڈیکل سائنسز کی ڈگری لی۔ دونوں میاں بیوی نے 2008 میں بائیون ٹیک نامی کمپنی بنائی جس کے ریسرچ ادارے میں کورونا ویکسین تیار کی گئی۔

Read Previous

اسرائیلی فوج کی فلسطینی مسلمانوں کے احتجاجی مظاہرے پر فائرنگ، ایک فلسطینی شہید

Read Next

ترکی اور پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ

Leave a Reply