پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں منعقدہ کرسمس کی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ اپنے جذبات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کے مساوات، مذہبی آزادی اور رواداری کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے مسیحی برادری کی قومی ترقی اور دفاع میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہر فرقے اور برادری کی شراکت پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔
فیلڈ مارشل نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کے تنوع، مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلح افواج ہر شہری کے وقار، تحفظ اور مساوی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان کی ترقی اور امن میں تمام شہریوں کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مذہبی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے اصولوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہر شہری کو بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔
اس موقع پر مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے اور مسلح افواج کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات اور تعاون کو سراہا، اور کہا کہ اس سے کمیونٹی کے اعتماد اور قومی اتحاد کو فروغ ملتا ہے۔
فیلڈ مارشل کے اس دورے سے واضح ہوا کہ پاکستانی مسلح افواج ہر مذہبی برادری کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں، اور قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے تمام شہریوں کے حقوق کی پاسداری ان کی ترجیح ہے۔
