turky-urdu-logo

لیبیا کے کمانڈر اِن چیف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے اپنے نائب لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال، درپیش سلامتی چیلنجز اور پیشہ ورانہ عسکری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیائی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

اس سے قبل لیبیا کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نور خان ایئربیس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔ بعد ازاں لیبیائی وفد نے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

Read Previous

پاکستان کا بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ، سلمان بٹ کا مؤقف سامنے آ گیا

Read Next

پاکستان اور آذربائیجان کی بحری افواج کے سربراہان کی ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Leave a Reply