turky-urdu-logo

فیس بک کا ہر شخص کو اپنے نام سے 5 پروفائل بنانے کی اجازت دینے کا فیصلہ

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی ایسا فیچر متعارف کرائے گی، جس سے کوئی بھی فرد بیک وقت کم از کم اپنے 5 مختلف پروفائل بنانے کے قابل ہوجائے گا۔

اس وقت فیس بک پر کوئی بھی فرد اپنے اصل نام سے صرف ایک ہی پروفائل اکاؤنٹ بنا سکتا ہے، تاہم وہ جعلی ناموں سے کئی اکاؤنٹ بنا سکتا ہے۔

اس وقت کوئی بھی فرد اپنے اصل نام کے ساتھ ایک اکاؤنٹ کے علاوہ مختلف ناموں کے متعدد اکاؤنٹس اور پیجز بھی بنا سکتا ہے۔

تاہم نئے فیچر کے بعد ایک ہی شخص اپنے اصل نام سے کم از کم 5 پروفائل بنانے کا اہل ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ جلد ہی ویب سائٹ پر نیا فیچر متعارف کرایا جائے گا۔

بیان کے مطابق نئے فیچر کو اس لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ ایک ہی شخص اپنی مختلف سرگرمیوں یا شوق کے باعث مختلف پروفائل بنا سکے۔

مذکورہ فیچر کے تحت کوئی بھی شخص اپنی ادبی سرگرمیوں کے لیے الگ، سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے الگ، دوستوں کے لیے الگ، اہل خانہ کے لیے الگ اور ملازمتی ادارے کے لیے الگ پروفائل بنانے کا اہل ہوگا۔

نئے فیچر کے تحت متعدد پروفائل اکاؤنٹ بنانے والا فرد ایک ہی لاگ ان سے تمام اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرپائے گا جب کہ صارف کے تمام اکاؤنٹس ایک دوسرے سے اندرونی طور پر منسلک بھی ہوں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت صارف ایک ہی ای میل، ایک ہی فون نمبر اور دیگر معلومات پر متعدد اکاؤنٹس بنا سکیں گے۔

فیس بک نے اگرچہ واضح کیا ہے کہ مذکورہ فیچر کو مستقبل میں متعارف کرایا جائے گا، تاہم یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ اسے کب تک پیش کردیا جائے گا، لیکن اندازہ ہے کہ اسے رواں برس کسی وقت بھی پیش کردیا جائے گا۔

Read Previous

امریکہ:ہیلی کاپٹر گرنے سے 14 نیوی اہلکارہلاک ہوگئے

Read Next

پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے فروغ کیلئے کانفرنس کا انعقاد

Leave a Reply