ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے حمایتی ممالک کا نام تاریخ میں معصوم بچوں کا خون کرنے اور انسانیت کی دھجیاں بکھیرنے والوں کی صف میں ہو گا۔
امریکہ کی جانب سے 2017 کے آخر میں یروشلم کو اسرائیل کا دارلحکومت قرار دینے کےبعد اسرائیل کی فلسطینیوں کے خون کی پیاس میں مزید اضافہ ہو گیا۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں طیب ایردوان نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ خون آلود کرلیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن خون آلود ہاتھوں سے تاریخ لکھ رہے ہیں۔
ایردوان نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ جوبائیڈن آپ نے ہمیں یہ سب کہنے پر مجبور کیا ہم پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو دفاع قرار دیا گیا ہے جبکہ اب امریکا نے اسرائیل کو اسلحہ دینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔
اس کے علاوہ سیکڑوں گھر و عمارتیں بھی تباہ کردی گئی ہیں اور اب تک 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے۔
