ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے "پارلیمنٹس ان سپورٹ آف فلسطین” گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ "فلسطینی کاز صرف ایک مظلوم قوم کا دفاع نہیں، بلکہ انسانیت، امن اور انصاف کا دفاع ہے”۔
صدر ایردوان نے کہا کہ "فلسطینی کاز درحقیقت عزت کی جنگ ہے، ایک ایسی قوم کی جو تقریباً ایک صدی سے ہر قسم کے مظالم، وحشیانہ کارروائیوں اور قتل عام کا شکار ہے۔ یہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ ہر صاحب ضمیر انسان کا کاز ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ "فلسطین کا معاملہ سیاست سے بالاتر ہو کر انسانی ضمیر کا معاملہ ہے۔ یہ ایک انسان بننے اور انسان رہنے کی جدوجہد ہے”۔
ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ "فلسطین کے بغیر خطے میں حقیقی امن ممکن نہیں”۔
اس موقع پر مختلف ممالک کے پارلیمانی نمائندوں نے بھی فلسطینی کاز پر اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبوں کی بین الاقوامی سطح پر تائید کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
