turky-urdu-logo

صدر رجب طیب ایردوان کا تاریخی دورۂ سعودی عرب، خطے میں نئی سفارتی پیش رفت کی امیدیں

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے سعودی عرب کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر رجب طیب ایردوان نے اعلان کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہونے والا معاہدہ ترکیہ کے توانائی کے شعبے اور سرمایہ کاری کے ماحول پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے صوبہ سیواس اور کارامان میں شمسی توانائی کے بڑے منصوبے قائم کیے جائیں گے، جو ریکارڈ کم لاگت پر بجلی پیدا کریں گے اور تقریباً 21 لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مجموعی طور پر 5 ہزار میگاواٹ توانائی تعاون کے ہدف کی جانب یہ پہلا بڑا قدم ہے۔ منصوبوں میں 50 فیصد مقامی وسائل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا جس سے ترکیہ کے صنعتی اور توانائی کے شعبے کو مزید مضبوطی ملے گی۔

سعودی میڈیا کے مطابق صدر رجب طیب ایردوان دو سال سے زائد عرصے بعد سعودی عرب پہنچے ہیں۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دونوں ممالک مختلف سفارتی امور پر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں، جن میں غزہ کی حمایت اور شام میں نئی حکومت کی مدد بھی شامل ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی بات چیت کی۔ صدر ایردوان اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے جن میں خاتونِ اول امینہ ایردوان، وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر خزانہ مہمت شمشک اور وزیر دفاع یشار گولر سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

ملاقات کے بعد سعودی ولی عہد نے صدر ایردوان کے اعزاز میں الیمامہ محل میں خصوصی عشائیہ بھی دیا۔ ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ایردوان سعودی عرب کے دورے کے بعد مصر بھی روانہ ہوں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکیہ کو سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے ساتھ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ توازن برقرار رکھنا ہوگا۔ دونوں ممالک کے تعلقات 2018 میں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد شدید کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے، تاہم حالیہ برسوں میں تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

Read Previous

پاکستان اور آذربائیجان کی بحری افواج کے سربراہان کی ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Read Next

استنبول میں کم عمر افراد کے جرائم میں اضافے پر تشویش، منظم گروہ بچوں کو نشانہ بنانے لگے

Leave a Reply