اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان ترکیہ اعلیٰ سطح سٹریٹجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، خصوصاً غزہ میں جاری نسل کشی اور انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور غزہ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت پر ترکیہ کی مسلسل اور مضبوط پوزیشن کو سراہا۔
صدر ایردوان نے شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی، جن کی بدولت پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا ہے، اور وزیراعظم کی قیادت اور اقتصادی اصلاحات کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران صدر ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد بھی دی۔
