turky-urdu-logo

فتح استنبول کی 572 ویں سالگرہ: ترکیہ کو اب کسی کے دروازے پر انتظار نہیں کرنا پڑتا بلکہ دوسرے اس کے دروازے پر آتے ہیں، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے جمعرات کو استنبول کی فتح کی 572ویں سالگرہ کے موقع پر ‘بےکوز نیشنل گارڈن’ میں نیشنل گارڈنز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے استنبول کی تاریخی فتح، ترکیہ کی دفاعی صنعت میں ترقی، توانائی کے ذخائر کی تلاش، اور نوجوانوں کے کردار سمیت مختلف اہم نکات پر روشنی ڈالی۔

صدر ایردوان نے کہا کہ، ترکیہ نے دفاعی صنعت میں نمایاں پیش رفت کی ہے ، ترکیہ کو اب دوسروں کے دروازے پر انتظار نہیں کرنا پڑتا بلکہ دوسرے اس کے دروازے پر آتے ہیں۔ انہوں نے بلیک سی میں عثمان غازی بحری جہاز کی حالیہ تعیناتی کا ذکر کیا اور کہا کہ، اس کے ذریعے زیرِ آب تلاش کا عمل شروع کیا گیا ہے، جو قدرتی گیس کی دریافت کے لیے ایک اہم قدم ہے اور اس سے ترک عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے استنبول کی فتح کو ایک ایسا کارنامہ قرار دیا جو علم، عزم اور ایمان کی جیت تھا۔ ایردوان نے یاد دلایا کہ، 1453 میں صرف 21 سالہ فاتح سلطان محمد خان کی قیادت میں 53 دنوں تک جاری رہنے والے محاصرے کے بعد شہر کو فتح کیا گیا۔ انہوں نے اس عظیم سپہ سالار اور ان کی فوج کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔

صدر ایردوان نے بتایا کہ، سلطنتِ عثمانیہ نے اس سے پہلے چار مرتبہ استنبول کا محاصرہ کیا لیکن کامیابی نہ ملی، یہاں تک کہ، سلطان محمد نے تخت نشین ہونے کے بعد نئے عسکری منصوبے اپنائے، جن میں بحری جہازوں کو خشکی پر کھینچ کر لے جانا بھی شامل تھا۔ 29 مئی کو ٹوپ قاپی دروازے پر سب سے پہلا شگاف ڈالا گیا، اور دوپہر تک استنبول اور آیا صوفیہ سلطنتِ عثمانیہ کا حصہ بن چکے تھے۔

انہوں نے استنبول کے تہذیب، ثقافت، علم، فن اور فنِ تعمیر میں منفرد کردار کو سراہا۔ ساتھ ہی فاتح سلطان محمد کو ایک عظیم عالم قرار دیا جنہوں نے جدید توپ خانہ تیار کر کے جنگ کے طریقے بدل ڈالے۔ ایردوان نے اس روح کو آج کے ترکیہ کی ٹیکنالوجی میں جھلکتے ہوئے دیکھا، جس میں بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیاں (UAVs)، مسلح ڈرونز (SIHAs)، بغیر پائلٹ کی آبدوزیں، اور دیگر جدید عسکری ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وطن کے تحفظ اور شہداء کے خون کا پاس رکھنے کی تلقین کی، اور کہا کہ، نوجوانوں پر فرض ہے کہ، وہ ترکیہ کو مزید بلندیوں تک پہنچائیں۔ ایردوان نے کہا کہ، ملک کا مستقبل نوجوانوں کے حوصلے اور استقامت سے جُڑا ہوا ہے، اور انہیں ‘ترکیہ کی صدی’ کی بنیاد رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ماحولیاتی تحفظ پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ، فطرت اللہ کی طرف سے ایک مقدس امانت ہے، جسے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا اور بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر ماحولیاتی امور پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام لگایا، اور کہا کہ، ترکیہ کی حکومت ماحول کے تحفظ کے لیے پختہ عزم رکھتی ہے، جو فاتح سلطان محمد کی وراثت سے الہام حاصل کرتا ہے۔

آخر میں صدر ایردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ، ترکیہ فاتح سلطان محمد کے نقشِ قدم پر اپنے اعتماد اور طاقت پر یقین کے ساتھ چلتا رہے گا۔

Read Previous

استنبول یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں تاریخی ثقافتی تقریب، پاک ترک دوستی کو خراج تحسین

Read Next

ترکیہ کا پہلا تیرتا ہوا قدرتی گیس پلیٹ فارم ‘عثمان غازی’ بحیرہ اسود روانہ، روزانہ 10.5 ملین کیوبک میٹر گیس پراسیس کرے گا

Leave a Reply