turky-urdu-logo

ترک صدر رجب طیب ایردوان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

صدر ایردوان نے گفتگو میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں امریکا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کرتا رہے گا۔

صدر ایردوان نے دنیا بھر میں جاری جنگوں کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کے نقطہ نظر کی حمایت کرتے ہوئے ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے اور روس-یوکرین جنگ کو روکنے کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا۔

غزہ میں انسانی بحران پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ صورتحال نہایت سنگین ہو چکی ہے، اس لیے غزہ میں بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس انسانی المیے کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ترکیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔

شام کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ترکیہ شام کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور استحکام کے قیام کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکا کی جانب سے شام پر پابندیاں نرم کرنے کی کوششیں اس عمل میں مددگار ثابت ہوں گی، اور ایک مستحکم شام علاقائی و عالمی امن کو فروغ دے گا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے شام میں قیام امن کے لیے ترکیہ کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

صدر ایردوان نے آخر میں صدر ٹرمپ کو ترکیہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

Read Previous

پاکستانی سفارت خانہ ابوظہبی میں ڈاکٹر اسلم بھٹہ کی کتاب "زبانِ یارِ من ترکی” کی تقریبِ رونمائی

Read Next

ترک زبان کی مہارت کا “ترکش پروفیشنسی ٹیسٹ” پاکستان سمیت 39 ممالک میں بیک وقت منعقد

Leave a Reply