صدر رجب طیب ایردوان منگل کے روز اٹلی کے سرکاری دورے پر روم پہنچے جہاں انہوں نے اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کی دعوت پر دونوں ملکوں کے درمیان چوتھے بین الحکومتی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کرنا ہے۔
روم میں تاریخی ولا، دوریا پامفیلی پہنچنے پر اٹلی کی وزیر اعظم میلونی نے صدر ایردوان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر رسمی سلامی پیش کی گئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے تفصیلی ملاقات کی۔
اجلاس میں تجارت، دفاع اور ثقافتی تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، جبکہ کئی اہم معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں جن کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو قانونی بنیادوں پر مضبوط بنانا ہے۔ اجلاس کے بعد صدر ایردوان اور وزیر اعظم میلونی مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
صدر ایردوان اس دورے کے دوران ویٹی کن کا دورہ بھی کریں گے اور اٹلی کے صدر سرجیو ماتاریلا سے کوئری نال پیلس میں ملاقات کریں گے۔ دورے کا اختتام ترکی-اٹلی بزنس فورم پر ہوگا جو پارکو دی پرنچیپی ہوٹل میں منعقد ہوگا، جہاں دونوں ملکوں کے صنعتکار اور کاروباری شخصیات باہمی اقتصادی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے۔
صدر ایردوان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد بھی روم گیا ہے جس میں وزیر خارجہ، حاقان فیدان، وزیر دفاع یاسرگولر، وزیر صنعت و ٹیکنالوجی محمد فاتح کاجر اور دیگر اہم مشیر شامل ہیں۔ یہ وفد اپنے اطالوی ہم منصبوں سے ملاقاتیں کرے گا تاکہ اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
