پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور سنگین صورتحال کے پیش نظر کل سے ملک بھر میں سخت ترین لاک ڈاؤن شروع ہو گیا۔
شام کے چھ بجتے ہی ملک بھر میں تمام تجارتی و کاروباری مراکز 8 مئی سے 16 مئی تک مکمل طور پر بند رہیں گے۔
آج جس نے عید الفطر کی خریداری کرنی تھی کر لی اور جو رہ گیا وہ رہ گیا۔ آج دن بھر ملک بھر کے تمام بازاوں میں بھرپور رش رہا، سڑکوں پر ٹریفک جام رہی۔ خریداروں نے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا۔ انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے صورتحال سے نمٹنا مشکل ہو گیا۔
8 مئی سے شروع ہونے والا مکمل لاک ڈاؤن اب 16 مئی کو ختم ہو گا لیکن تجارتی اور کاروباری مراکز 19 مئی کو کھولے جائیں گے۔
ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے۔ شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ انٹر سٹی بسیں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائی جا رہی ہیں تاکہ لوگ اپنے گھروں کو واپس جا کر اپنے پیاروں کے ساتھ عید منا سکیں۔ انٹر سٹی بس سروس ہفتے میں صرف دو روز ہفتے اور اتوار کو چلائی جائے گی۔
