راولپنڈی — امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور اُنہیں جدید علوم سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بنو قابل پروگرام کے تحت راولپنڈی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جماعتِ اسلامی اگلے دو سال میں 20 لاکھ نوجوانوں کو تعلیم و تربیت دے گی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ اگر جماعتِ اسلامی عوامی تعاون سے طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کر سکتی ہے، تو حکومت پاکستان کے لیے بھی یہ ذمہ داری نبھانا ناممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم ملک بھر میں مفت کی جائے تاکہ نوجوان عالمی ملازمت کے میدان میں مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، اور اسی لیے تعلیم اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی عملی مثال ہے۔
حافظ نعیم نے نوجوانوں کو ہمت، محنت اور نظم و ضبط کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت اور پُرجوش نوجوان ہی پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
