turky-urdu-logo

چین-پاکستان سفارتی تعلقات کی 74ویں سالگرہ: دفاعی تعاون دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، پاکستان

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 74ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد کے تاریخی سرسید میموریل ہال میں چینی سفارتخانے کی جانب سے ایک شاندار ثقافتی تقریب منعقد ہوئی جس کا عنوان تھا ‘چائے اور ہم آہنگی: یاچی کلچرل سیلون’۔ اس موقع پر چین کے سفیر چیانگ زاے تونگ اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

چینی سفیر چیانگ زاے تونگ نے اپنی تقریر میں دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات، باہمی اعتماد اور وقت کے ہر امتحان میں ساتھ دینے کی روایت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ، چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قومی ترقی کی حمایت کی ہے، جبکہ پاکستان نے ‘ون چائنا پالیسی’ کی پُرزور حمایت کرتے ہوئے چین کے بنیادی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ، قدرتی آفات اور وبائی امراض کے دوران دونوں ملکوں نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ ان کی ‘آہنی دوستی’ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک چین تعلقات کی تزویراتی اہمیت پر زور دیا اور چین کی اقتصادی، تکنیکی اور دفاعی میدان میں پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے دفاعی تعاون کو پاک چین شراکت داری کا ایک مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے JF-17 تھنڈر، J-10C لڑاکا طیاروں اور PL-15 میزائل سسٹم جیسے جدید ہتھیاروں میں چینی ٹیکنالوجی کے کردار کو نمایاں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ، پاکستان CPEC کے دوسرے مرحلے کے تحت زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ، اسے 21 مئی کے روز منعقد کیا گیا، جو نہ صرف چین اور پاکستان کے تعلقات کا تاریخی دن ہے، بلکہ 2019 سے یہ دن یونیسکو کی جانب سے ‘بین الاقوامی چائے کا دن’ بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ اسی مناسبت سے چینی سفارت خانے نے پہلی بار ‘چائے اور ہم آہنگی’ کے موضوع پر ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد امن، دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی جیسے مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب میں چینی ثقافت اور فن کے رنگ بکھیرے گئے۔ چینی چائے کی تیاری کی روایتی تکنیکوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جس نے مہمانوں کو چائے کے چینی ورثے سے روشناس کرایا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی نمائش اور مختلف چائے کی اقسام کی نمائش نے تقریب کو مزید دلچسپ بنایا۔

اس ثقافتی تقریب کا ایک اور قابل ذکر پہلو یہ تھا کہ، حاضرین کو روایتی چینی لباس ‘خان فو’ پہننے اور اس کے بارے میں جاننے کا موقع بھی دیا گیا، جس سے دونوں ممالک کی تہذیبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سفارت کار، دانشور اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کی گہرائی، عوامی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ، ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کے فروغ، باہمی افہام و تفہیم اور خوشحال مشترکہ مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Read Previous

استنبول کے پانچ  میوزیم ( قسط نمبر۱)

Read Next

پاکستان میں آذربائیجان کی یوم آزادی منایا گیا، پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی کو بھی اجاگر کیا گیا

Leave a Reply