سعودی وزارت صحت نے کورونا ویکسین کو بچوں کے لیے محفوظ قرار دے دیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق ملک کی وزارت صحت نے والدین پر زور دیا ہےکہ وہ اپنے 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کرائیں اور بچوں کو تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کی بھارتی قسم ’ڈیلٹا‘ سے محفوظ رکھیں۔
سعودی وزارت صحت کے حکام نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وائرس کی تبدیلی ایک قدرتی عمل ہے اور کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق کی جانے والی تحقیق یہ بات ظاہر کرتی ہےکہ ویکسین بچوں کے لیے مؤثر ہے اور انہیں وائرس کی خطرناک قسم سے محفوط کرتی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ بچوں اور نوجوانوں میں کورونا کے تشویشناک کیسز کی تعداد موجود ہے جن میں 18 اور 12 سال کی عمر تک کے بچوں کے کیسز سامنے آئے ہیں تاہم بچوں میں بڑی عمر والوں کے مقابلے میں پیچیدگیاں کم ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہےکہ بچوں اور نوجوانوں میں تشویشناک کیسز سامنے آئے ہیں۔
سعودی حکام نے تصدیق کی کہ کورونا کی بھارتی اقسام ڈیلٹا نے بچوں کو بھی متاثر کیا ہے اور دنیا بھر میں اس قسم کے بچوں پر حملہ آور ہونے کے ثبوت موجود ہیں جب کہ وائرس کی یہ قسم نوجوانوں پر زیادہ سامنے آئی ہے۔
