وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ، گوادر ائیرپورٹ کا فعال ہونا ملک کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ،اس اہم منصوبے پر چین نے 230 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جو پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی اور ترقیاتی شراکت داری کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ، گوادر پورٹ کو ناکام بنانے کے لیے کی جانے والی قتل و غارت گری اور محاذ آرائی پاکستان دشمن عناصر کی کاروائیاں ہیں۔ انہوں نے ان کوششوں کو ملک کے خلاف ایک بڑی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ، حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے غزہ میں حالیہ جنگ بندی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ،وہاں بہت خونریزی ہوئی، جس میں 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ،غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے عمل میں پاکستان بھرپور کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ہمارے جوان مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ پوری قوم کو ان قربانیوں پر احسان مند ہونا چاہیے۔
