
پشاور: خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب نے صوبے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 340 تک جا پہنچی ہے۔رپورٹ کے مطابق صرف ضلع بونیر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 204 اموات ریکارڈ کی گئیں، جبکہ 120 افراد زخمی اور 50 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ اس کے علاوہ 74 مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں مزید جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں تاہم دشوار گزار راستوں اور انفراسٹرکچر کی تباہی کے باعث ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔صوبائی حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔