turky-urdu-logo

چین:کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث ایشین گیمز 2022 ملتوی کر دی گئیں

چین میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمز کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ایشین گیمز کا انعقاد 10 سے 25 ستمبر تک ہونا تھا لیکن یہ التوا کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ چین، ملک کے کئی حصوں میں پھیلے انفیکشن پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہانگژو ملک کے سب سے بڑے شہر شنگھائی سے 200 کلومیٹر سے بھی کم کے فاصلے پر واقع ہے جس نے حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے وائرس کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کی وجہ سے ایک ہفتے کے طویل لاک ڈاؤن کو برداشت کیا ہے۔

اولمپک کونسل آف ایشیا نے ایک بیان میں کہا کہ گیمز ملتوی کرنے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے وبائی صورتحال اور گیمز کے حجم کا بغور جائزہ لینے کے بعد لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تقریباً 10 ہزار ایتھلیٹس کی میزبانی کرنے والے گیمز کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

منتظمین نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ مشرقی چین کے سوا کروڑ آبادی کے حامل شہر ہانگژو نے ایشین گیمز اور ایشین پیرا گیمز کے لیے تقریباً 56 مقابلے کے مقامات کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔

اس وقت انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ انہوں نے وائرس پر قابو پانے کے منصوبے کے تحت ایونٹ کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے جو بیجنگ سرمائی اولمپکس کے ’کامیاب تجربے سے سیکھ کر بنایا گیا ہے جو فروری میں کووڈ کے سخت بائیوسیکیور ببل میں منعقد ہوئے تھے۔

ہانگژو 1990 میں بیجنگ اور 2010 میں گوانگ زو کے بعد ایشین گیمز کی میزبانی کرنے والا چین کا تیسرا شہر بننے والا تھا۔

کچھ تقریبات دیگر صوبائی شہروں بشمول ننگبو، وینزو، ہوزو، شاوکسنگ اور جنہوا میں منعقد ہونے والی تھیں۔

اولمپک کونسل آف ایشیا نے یہ بھی کہا کہ دسمبر میں چینی شہر شانتو میں ہونے والے ایشین یوتھ گیمز پہلے ہی ایک بار ملتوی ہونے کے بعد منسوخ کر دیے جائیں گے۔

گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ یونیورسٹی گیمز کو اگلے ماہ چینگڈو میں شروع ہونا تھا لیکن ان کے بھی ملتوی ہونے کی توقع ہے۔

Read Previous

امریکہ کا ترکی کو F-16 دینے پر آمادگی

Read Next

ٹکا نے ماہ رمضان کے دوران 92 ممالک میں دس لاکھ نادارافراد تک امداد پہنچائی

Leave a Reply