
اسلام آباد —ترک ادارہ برائے تعاون و ہم آہنگی ٹکا نے پاکستان کی اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کی ناروے کپ 2025 میں شرکت کے لیے باضابطہ سرپرستی (اسپانسرشپ) کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد میں ٹکا ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی اور پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ ترک و پاکستانی حکام، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پچاجی تھے، جبکہ میزبانی کے فرائض ٹکا پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ صالحہ تونا نے انجام دیے۔ اس موقع پر مسلم ہینڈز پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ثمر عباس، ٹکا پروگرام کوآرڈینیٹر مہمت جوریکچی اور دیگر معززین بھی شریک ہوئے۔تقریب میں ٹکا کی جانب سے بچوں کو مکمل اسپورٹس کٹس فراہم کی گئیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔محترمہ صالحہ تونا نے خطاب کرتے ہوئے کہا:> "یہ شراکت داری کھیل کے میدان سے آگے جا کر مساوات، خود اعتمادی اور باوقار زندگی کی علامت ہے۔ ہمارا مقصد ہر بچے کو، چاہے اس کا پس منظر کچھ بھی ہو، ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔”ترک سفیر ڈاکٹر مہمت پچاجی نے کہا:> "ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات ہر شعبے میں مضبوط ہو رہے ہیں، اور ٹکا جیسے ادارے ان تعلقات کو زمینی سطح پر مؤثر بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم نوجوانوں کی ترقی کو ایک ترجیح سمجھتے ہیں۔”ثمر عباس نے کہا کہ:> "ٹکا کی یہ معاونت اُن نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے جنہیں عام طور پر ایسے مواقع کم ملتے ہیں، لیکن جن کے خواب بڑے ہوتے ہیں۔”تقریب میں بچوں نے ترکیہ اور پاکستان کے پرچم تھامے، اور جذباتی انداز میں اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں پہلی بار عالمی سطح پر کھیلنے کا موقع ملا ہے۔