
ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں ترک جامعات میں داخلہ لینے کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔
لاہور کے معروف پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں "چیک یونی پورٹل” (CheckUni Portal) کا باضابطہ افتتاح کیا گیا، جس کا مقصد ترک یونیورسٹیوں کو براہِ راست پاکستانی طلبا اور ایجوکیشن کنسلٹنٹس سے جوڑنا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ترکیہ کے قونصل جنرل لاہور، جناب درمش باش طوغ تھے، جنہوں نے افتتاحی خطاب کے دوران چیک یونی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ، ترکیہ کی جامعات نہ صرف عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرتی ہیں، بلکہ پاکستانی طلبا کے لیے علمی، ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کے دروازے بھی کھولتی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو دعوت دی کہ، وہ ترکیہ میں تعلیم حاصل کر کے اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔

چیک یونی کے بانی اور ڈائریکٹر، محمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری کا ایک نیا باب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ، یہ پورٹل پاکستانی طلبا کو ترک جامعات میں داخلہ، اسکالرشپ، اور دیگر معلوماتی سہولیات باآسانی فراہم کرے گا۔

تقریب میں ترک جامعات کے نمائندے بھی شریک تھے جنہوں نے پاکستانی طلبا کی تعلیمی قابلیت اور ترک یونیورسٹیز میں بڑھتی دلچسپی کو سراہا۔ ایک نمائندہ نے کہاکہ،ہم پاکستانی طلبا کی علمی استعداد سے متاثر ہیں اور چاہتے ہیں کہ، وہ ترکیہ میں تعلیم حاصل کر کے دوطرفہ تعلقات میں علمی پل بنیں۔

ایجوکیشن کنسلٹنٹس نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ، ترک جامعات کی طرف پاکستانی طلبا کا رجحان روز بروز بڑھ رہا ہے، اور یہ پورٹل ان کے لیے ایک مؤثر رہنمائی کا ذریعہ بنے گا۔اس نئے تعلیمی تعاون سے نہ صرف پاکستانی طلبا کو معیاری تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے، بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو بھی ایک نئی جہت ملے گی۔ یہ اقدام تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط کے میدان میں ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔
