
ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی اور ایمبسی کے افراد نے شرکت کی آخر میں پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی اور ان کی اہلیہ شازا سائرس نے پاکستانی اور ترک پرچم کے ڈیزائن والا کیک کاٹا۔
اس موقع پر پاکستان میں ترک ایمبیسی کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر اردو اور انگریزی میں پیٖغام جاری کیا گیا جس میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی گئی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی دعا کے ساتھ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا گیا۔

پاکستان میں 23 مارچ کو یوم پاکستان منایا جاتا ہے۔ 23 مارچ 1940 میں لاہور کے منٹو پارک میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا گیا تھا جس میں قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی۔ یہی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی اور مسلمانان ہند نے 7 سال کی جدوجہد کے بعد بالآخر اپنے لئے ایک علیحدہ اور آزاد وطن حاصل کیا۔