
فلسطینی-امریکن سپر ماڈل بیلا ہدید کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی فلسطین کے حق میں کوئی پوسٹ لگاتی ہیں تو انسٹاگرام اسے ڈلیٹ کر دیتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ انسٹاگرام نے مجھے اسٹوری لگانے سے بلاک کر دیا ہے خاص طور پر جب بھی میں فلسطین پرمبنی کوئی بھی چیزپوسٹ کرتی ہوں۔
فیشن میگزین ہارپر بازار سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جب بھی میں فلسطین کے بارے میں پوسٹ کرتی ہوں تو فوری طور پر مجھ پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے اور 10 لاکھ سے بھی کم لوگ میری پوسٹ کو دیکھ پاتے ہیں۔
میگزین کا کہنا تھا کہ شیڈو ل پر پابندی عائد کرنے کا مطلب یہ ہے کہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آپکے پوسٹ کرنے کی صلاحیتوں کو محدود کر دیا گیا ہے اور صرف آپکے ڈائریکٹ فولورز ہی آپکی پوسٹ دیکھ سکتے ہیں۔
جمعے کے روز مسجد اقصیٰ کے صحن پر اسرائیلی فوج کے دھاوے کے بعد سے فلسطینی علاقوں میں کشیدگی بڑھ گئی ہے جس میں نمازیوں کے ساتھ جھڑپوں میں سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔
اتوار کے روز، 700 سے زیادہ اسرائیلی آباد کار پولیس کی بھاری حفاظت میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے پر مجبور ہوئے تاکہ جمعہ کو شروع ہونے والی ایک ہفتہ طویل یہودی فسح کی چھٹی منائی جا سکے۔
مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے لیے دنیا کی تیسری مقدس ترین جگہ ہے۔ یہودی اس علاقے کو ٹیمپل ماؤنٹ کہتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ قدیم زمانے میں دو یہودی مندروں کی جگہ تھی۔
اسرائیل نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران مشرقی یروشلم، جہاں الاقصیٰ واقع ہے، پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس نے 1980 میں پورے شہر کو ایک ایسے اقدام میں ضم کر لیا جسے بین الاقوامی برادری نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔