turky-urdu-logo

ڈھاکہ میں پارٹی کارکنان نے پرتپاک استقبال، طارق رحمان 17 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے بیٹے اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان 17 سالہ جلاوطنی کے بعد آج لندن سے ڈھاکہ پہنچ گئے۔

ان کی وطن واپسی کو بنگلہ دیش کی سیاست میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ واپسی 12 فروری 2026 کو شیڈول عام انتخابات سے قبل ہوئی ہے۔

بی این پی اسے انتخابی مہم کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ سمجھ رہی ہے۔

طارق رحمان کی آمد کے موقع پر حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ڈھاکہ کے مختلف داخلی راستوں پر پارٹی کارکنان اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔

مقامی و عالمی میڈیا کے مطابق شہر میں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے اور طارق رحمان کے قافلے کو مقررہ راستوں سے عوامی استقبال کی جانب لے جایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ائیرپورٹ سے باہر نکلنے کے بعد طارق رحمان نے کچھ دیر ننگے پاؤں زمین پر کھڑے ہو کر بنگلہ دیش کی مٹی کو چھوا اور مٹی اٹھانے کا علامتی اقدام بھی کیا۔

بی این پی نے طارق رحمان کے لیے ڈھاکہ کے مضافاتی علاقے پرباچل (300 Feet Road) میں عوامی استقبالیہ اور اجتماع کا اہتمام کیا۔

ائیرپورٹ سے ان کے قافلے کی آمد کے دوران سڑکوں کے اطراف کارکنان موجود رہے اور بعض مقامی اداروں نے قافلے کی سلو موونگ اور راستوں پر ہجوم کی تفصیلات بھی دی ہیں۔

طارق رحمان 2008 میں بنگلہ دیش سے لندن گئے تھے اور وہیں سے پارٹی معاملات کی قیادت کرتے رہے۔

تازہ رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد قائم عبوری سیٹ اپ اور عدالتی و قانونی پیش رفت کے نتیجے میں ان کی وطن واپسی ممکن ہوئی۔

انتخابات عبوری حکومت کے تحت ہونے ہیں، جس کی قیادت نوبیل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس کر رہے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق طارق رحمان کی ترجیحی سرگرمیوں میں اپنی بیمار والدہ اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا سے ملاقات بھی شامل ہے، جسے پارٹی حلقے انتہائی اہم سمجھ رہے ہیں۔

Read Previous

صدر رجب طیب ایردوان:ترکیہ علم پیدا کرنے والا ملک بن چکا ہے

Read Next

قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

Leave a Reply