اسلام آباد — آذربائیجان اور ترکیہ کی پارلیمانوں کے اسپیکرز پاکستان میں منعقد ہونے والے تیسرے سہ فریقی پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔
قومی اسمبلی پاکستان کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر محترمہ صاحبہ غفاروفا کا پرتپاک استقبال کیا۔
محترمہ صاحبہ غفاروفا پاکستان میں منعقدہ سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے تشریف لائی ہیں، جس کی میزبانی قومی اسمبلی پاکستان کر رہی ہے۔ ان کے استقبال کے موقع پر پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ دوستی، باہمی احترام اور قریبی تعاون کے تاریخی تعلقات کا بھرپور اظہار ہوا۔
اجلاس کا مقصد پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم بنانا، علاقائی رابطوں کو فروغ دینا، امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ اجلاس باکو اور انقرہ میں منعقد ہونے والے گزشتہ اجلاسوں کے تسلسل کا حصہ ہے اور تینوں برادر ممالک کے درمیان اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے عزم کی علامت ہے۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے سفیر اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔
🇵🇰🤝🇹🇷🤝🇦🇿
