
ترکی کے دارلحکومت انقرہ میں پاکستانی سفارتحانے میں ” جناح ینگ رائٹرز ایوارڈز ” کی تقریب منعقد ہوئی ۔ ترکی کے نائب وزیر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر پیٹیک اسکر نے تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ تقریب میں طلباء، ماہرین تعلیم، سفارت کاروں اور محکمہ تعلیم کے مختلف سربراہان نے بھی شرکت کی۔
بانی پاکستان کے نام سے منسوب، مضمون نویسی کا یہ مقابلہ ترکی کے ہائی اسکول کے طلباء کے درمیان ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔
اس سال منعقد ہونے والے پانچوایں مقابلے کا موضوع "پاک ترک بردارنہ تعلقات کا ماضی، حال اور مستقبل” تھا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے نائب وزیر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر پیٹیک اسکر نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم بھائی چارے اور دوستی کے اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں جسے ہمارے آباؤ اجداد نے ماضی میں قائم کیا۔ مشترکہ اقدامات، جیسا کہ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ کا مقصد تعلیمی شعبے میں تعاون کو فرو غ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے بندھن کو مضبوط کرنا ہے۔
ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ رواں سال دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں اور جناح ینگ رائٹرز مقابلے کے 5ویں ایڈیشن کی ایوارڈ تقریب دوستی اور بھائی چارے کے خوبصورت سفر کا ایک اور خوشگوار لمحہ ہے۔