ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر مسلسل اسرائیلی حملے انسانیت کی مشترکہ اقدار کے لیے خطرہ ہیں۔
فیدان نے ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک تحریری پیغام میں کہاکہ اس سال، ہم اس اہم دن کو اپنے خطے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کھڑے ہونے کے عزم کے ساتھ منا رہے ہیں، جس کا مقصد دیرپا امن اور استحکام قائم کرنا ہے۔
غزہ میں جاری غیر انسانی حملے نہ صرف فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق پر بلکہ پوری انسانیت کی مشترکہ اقدار پر دھبہ ہیں۔
فیدان کا کہنا تھا کہ اب تک جاری المیے کو روکنے میں ناکامی بین الاقوامی نظام کی کمزوری کو نمایاں کرتی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام کو روکنا اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اقدامات کرنا تمام ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 10 دسمبر 1948 کو انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ منظور کیا۔
حماس کے 7 اکتوبر کو سرحد پار سے حملے کے بعد سے انکلیو پر مسلسل فضائی اور زمینی حملوں میں کم از کم 17 ہزار 7 سو فلسطینی ہلاک اور 48 ہزار 7 سو 80 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حماس کے حملے میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 2 سو تھی۔
اسرائیل نے ایک ہفتہ طویل انسانی تعطل کے بعد یکم دسمبر کو غزہ کی پٹی پر اپنا فوجی حملہ دوبارہ شروع کیا۔
