
اسلام آباد — پاکستان میں سرمایہ کاری کے ایک بڑے موقع کی صورت میں امریکہ نے معدنیات اور نایاب دھاتوں کے شعبے میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت امریکی کمپنیاں پاکستان میں کان کنی کے منصوبوں اور ویلیو ایڈیشن سہولیات کے قیام میں براہِ راست حصہ لیں گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی وفد کی ملاقات کے دوران اس اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات، توانائی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، امریکی کمپنیاں پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ لائیں گی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ سرمایہ کاری خصوصاً ان نایاب دھاتوں کی تلاش اور ترقی پر مرکوز ہوگی جو ہائی ٹیک انڈسٹریز، قابلِ تجدید توانائی اور دفاعی ٹیکنالوجی میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے معاہدے کو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک "گیم چینجر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ملکی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی بلکہ پاک-امریکہ تعلقات میں بھی نئی جہت آئے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے پاس قدرتی وسائل کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور امریکہ کے تعاون سے ان سے بہترین انداز میں فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔