turky-urdu-logo

الخدمت فاؤنڈیشن کے وفد کا ترکیہ کا اہم دورہ، فلسطین ریلیف سمیت کئی فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال

انقرہ – ترکیہ: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ترک سرکاری اداروں اور فلاحی تنظیموں کے دفاتر کا دورہ کیا اور فلاحی منصوبوں، امدادی سرگرمیوں اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کی۔

نائب صدر محمد عبدالشکور اور سیکرٹری جنرل الخدمت سید وقاص جعفری پر مشتمل وفد نے ترکیہ کے امدادی ادارے ٹیکا (TIKA) کے مرکزی دفتر میں پاکستان ڈیسک کے انچارج کان مہمت دیمارل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین ریلیف اور پاکستان میں جاری مشترکہ منصوبہ جات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کان مہمت دیمارل نے غزہ میں جاری امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور ہزاروں ٹن امدادی سامان کی فراہمی کو ایک بڑا ریلیف قرار دیا۔

وفد نے ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کا بھی دورہ کیا جہاں شعبہ امور خارجہ تعلقات کے سربراہ محمد معروف یامان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں قدرتی آفات سے نمٹنے، استعداد کار میں اضافے اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹریننگ پروگرام کے حوالے سے اشتراک پر گفتگو کی گئی۔ AFAD نے 6 فروری 2023 کے زلزلے کے دوران الخدمت کی امدادی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ترک فلاحی تنظیم ایلکدر (İLKDER) کی صدر اوذدان سونماذ اور ترک نائب وزیر ثقافت کے مشیر غیوخان اُمت سے ملاقات میں فلسطین اور روہنگیا مہاجرین کی امداد پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایلکدر نے غزہ میں الخدمت کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔

وفد نے جانسیو (Cansuyu) فلاحی تنظیم کا بھی دورہ کیا اور امور خارجہ کے سربراہ بلال دیرمینجے سے ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے فلسطین ریلیف اور یتامیٰ کفالت سمیت مختلف منصوبوں میں جاری اشتراک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

دورے کے دوران الخدمت وفد نے ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے کا بھی دورہ کیا اور پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلاحی شعبوں میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات ہوئی۔ سفیر نے الخدمت کی ملکی و عالمی سطح پر فلاحی خدمات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

Read Previous

ناکام فوجی بغاوت کے 253 شہداء کو خراج عقیدت، اسلام آباد میں ٹکا کی جانب 253 پودے لگائے گئے

Read Next

ترابزون اسپور کو دھچکا: ساؤل نیگویز کا ٹرانسفر منسوخ، وجہ سامنے آ گئی

Leave a Reply