turky-urdu-logo

فلسطینی طالبات کی الخدمت فاؤنڈیشن اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان آمد، پرتپاک استقبال

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے فلسطینی طالبات کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کرنے کے پروگرام کے تحت طالبات کا نیا گروپ پاکستان پہنچ گیا ہے۔ فلسطینی طالبات کے پاکستان پہنچنے پر الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک، ڈائریکٹر فلسطین ایجوکیشن اسکالرشپ پروگرام ڈاکٹر سعد ظفر، فلسطینی سفارت خانے کے نمائندوں اور دیگر حکام نے گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا۔

فلسطینی طالبات کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور فلسطینی اسکارف پہنائے گئے، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور یکجہتی کی علامت ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے طالبات کو پاکستان میں تعلیمی سہولیات اور رہائش کے انتظامات سے آگاہ کیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ پروگرام فلسطینی نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ غزہ میں تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر یہ اسکالرشپس فلسطینی طلباء و طالبات کے لیے ایک بڑا موقع ہیں۔

ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

فلسطینی سفارت خانے کے نمائندوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اسکالرشپس فلسطینی نوجوانوں کے لیے نئی راہیں کھول رہی ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن کا فلسطین ایجوکیشن اسکالرشپ پروگرام غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں کے طلباء و طالبات کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک متعدد فلسطینی طلباء و طالبات پاکستان میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں اور اپنے علاقوں میں تعلیم اور ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

Read Previous

حسن چلبی کی یاد میں عثمانی ترک خطاطی کی اسلام آباد میں نمائش

Read Next

اسلامی تعاون تنظیم نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے عرب منصوبے کی حمایت کر دی

Leave a Reply