
کابل — افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک جیسے ایران، ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان اور چین کو ہماری پالیسیوں پر کوئی شکایت نہیں، تو صرف پاکستان ہی کیوں شکایت کرتا ہے؟
کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افغان وزیرِ خارجہ نے کہا کہ
“ہم اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن اور تعاون کی بنیاد پر تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔ ایران، ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان اور چین کے ساتھ ہمارے تعلقات خوشگوار ہیں، پھر شکایات صرف پاکستان کی طرف سے کیوں آتی ہیں؟”
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کسی ملک کے خلاف دشمنی نہیں رکھتا، تاہم “اگر کوئی ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔”
سیاسی مبصرین کے مطابق افغان وزیر کے یہ ریمارکس دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی اور طورخم و چمن بارڈر کی بندش کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں۔